حیدرآباد 10نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) مرکزی سرکار جہاں ایک طرف جی ایس ٹی سے عوام کو مسلسل نالاں کئے ہو ئی ہے وہیں دہلی کی حکومت نے اپنے ایک نئے فیصلہ سے باشندگانِ دہلی اور بغرض سیر و سیاحت دارالحکومت آنے والوں کو ’’ ہدیہ دہلوی ‘‘ پیش کرکے مسرور کردینے کا فقیدالمثال فیصلہ کیا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی کثافت کے باعث جفت و طاق منصوبہ کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ مذکورہ فضائی کثافت پر قابو پایا جاسکے ۔دہلی حکومت میں نقل و حمل کے وزیر کیلاش گہلوت نے ایک ٹوئٹ سے یہ اطلاع دی ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا: دہلی سرکار ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں مسافروں کو 13سے 17نومبر تک مفت سفری خدمات فراہم کرنے جا رہی ہے ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال خطہ قومی راجدھانی میں طاق و جفت منصوبہ کے تیسرے مرحلہ کے نفاذ کے تعلق سے شافی گفت و شنید کی خاطر ایک خصوصی نشست کی صدارت بھی کریں گے ۔ واضح ہو کہ یہ مذکورہ طاق و جفت منصوبہ 13سے 17نومبر تک نافذ العمل رہے گا ۔ سرکاری حکام نے کہا کہ یہ نشست 2بجے سے منعقد ہوگی جس میں وزیر نقل و حمل کیلاش گہلوت بھی شامل ہوں گے ، ان کے علاوہ دیگر نقل و حمل کے افسران کے بھی شامل ہونے کا امکان ہے ۔